بدھ 11 نومبر 2026 - 05:24
حضرت فاطمہ زہرا (ع) کی شخصیت ہر دور کے لیے ایک جامع اور کامل نمونہ ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین علی اسلامی نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت تمام ادوار کے لیے ایک جامع اور کامل نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نئی نسل کے سامنے آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت، کردار اور اخلاق کو پہلے سے زیادہ متعارف کرائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ قزوین سے مجلس خبرگان رہبری کے رکن حجت الاسلام والمسلمین علی اسلامی نے ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے شہر تاکستان کی مسجد حجتی میں منعقدہ مجلس عزا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت ہر دور کے لیے ایک جامع اور کامل نمونہ ہے اور آج ہمیں نئی نسل کے سامنے آپ کے طرزِ زندگی، کردار اور اخلاق کو پہلے سے زیادہ متعارف کرانے اور ان کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین اسلامی نے کہا: ہم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو متعارف کرانے اور اس کی وضاحت کرنے کے حوالے سے کم کام کیا ہے۔ آج ہمیں اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی کے بارے میں کتنی کتابیں لکھی گئی ہیں اور مدارس و یونیورسٹیز میں اس موضوع پر کتنا کام ہوا ہے۔

حوزہ علمیہ کونسل قزوین کے رکن نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پوری انسانیت کے لیے ایک کامل نمونہ اور معرفت کا سرچشمہ ہیں کیونکہ آپ سلام اللہ علیہا نبوت سے وابستہ اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر ہیں۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں جو بھی فضائل و کرامات موجود تھے یقیناً وہ اس عظیم خاتون کی شخصیت میں بھی جلوہ گر تھے۔

انہوں نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے معاشرے میں دینی اقدار کے احیاء میں اہم کردار ادا کیا۔ اگر آج اسلامی معاشرے میں آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت کو زندہ کیا جائے تو بہت سے معاشرتی مسائل اور خرابیوں کا خاتمہ ممکن ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha